صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو کے خلاف مظاہرے جاری، مستعفی ہونے کا مطالبہ
مقبوضہ فلسطین کے ہزاروں صیہونیوں نے گزشتہ شب بھی نتن یاہو کی مالی بد عنوانیوں کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے ان کی فوری برطرفی کا مطالبہ کیا۔
اسرائیل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق تل ابیب کی بالفور اسٹریٹ پر واقع صیہونی وزیر اعظم کے گھر کے سامنے ہزاروں مظاہرین نے اکٹھا ہو کر بدعنوانیوں میں ملوث نتن یاہو کے استعفے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کے ہاتھوں میں پلے کارڈ تھے جن پر ’’نتن یاہو استعفیٰ دو‘‘ اور ’’نتن یاہو ہمارے لئے باعث شرم ہے‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔ پولیس نے اس موقع پر مظاہرین کو اپنے محاصرے میں لے لیا۔
حال ہی میں یہ خبر بھی منظر عام پر آئی تھی کہ نتن یاہو کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کی سرکوبی کے لئے صیہونی وزیر اعظم کے حامی غنڈے بدمعاش بھی میدان میں اتر آئے ہیں اور وہ مظاہرین کے ساتھ تشدد پسندانہ اور بہیمانہ سلوک کر رہے ہیں۔
دوسری جانب امریکہ میں بھی صیہونی وزیر اعظم کے خلاف مظاہرہ ہوا ہے اور امریکی شہر سین فرانسسکو کے عوام نے مظاہرہ کرتے ہوئے صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو کے استعفی کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران تل ابیب میں صیہونی وزیر اعظم کے خلاف متعدد بار مظاہرے ہو چکے ہیں۔
ایک صیہونی کورٹ نے اکیس نومبر کو، مالی بدعنوانیوں، اختیارات کے ناجائز استعمال اور دھوکہ دھی کے الزامات کے تحت صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو پر باضابطہ فرد جرم بھی عائد کر دی ہے۔
نتن یاہو کو ریاستی سودوں میں بدعنوانیوں کے چار بڑے مقدمات کا سامنا ہے جن کی مجموعی مالیت کئی ارب ڈالر بتائی جاتی ہے۔
دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!
:Whatsapp invitation link