تہران چار فریقی نشست بہت اہمیت کی حامل: ایرانی وزیر خارجہ
ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے علاقے میں امن و سلامتی کے تعلق سے تہران چارفریقی نشست کو بہت اہم قرار دیا ہے۔
سحرنیو/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے تہران نشست کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس چار فریقی نشست کو پائیدار تعاون میں تبدیل کرنے کے لئے، اعتماد سازی، ملکوں کے قومی اقتدار اعلیٰ کے دو طرفہ احترام اور عملی معاہدوں کی ضرورت ہے۔
سید عباس عراقچی نے بدھ 28 اکتوبر کو انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں، تہران میں ایران، پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے اعلیٰ دفاعی اور سیکورٹی عہدیداروں کی نشست کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ تہران میں، اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی حالیہ نشست نے علاقے میں مشترکہ خطرات اور چلینجوں کے مقابلے نیز امن و سلامتی کے لئے گفتگو کو آگے بڑھانے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔
انھوں نے اپنی اس پوسٹ میں لکھا ہے کہ اس سلسلے میں مشاورتوں کا سلسلہ جاری رکھنا اہم اقدام ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے اس موقع کو پائیدار تعاون میں تبدیل کرنے کے لئے، اعتماد سازی، ملکوں کے قومی اقتدار اعلیٰ اور عملی معاہدوں کو ضروری قرار دیا ہے۔
انھوں نے لکھا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے نقطۂ نگاہ سے پائیدار سلامتی، علاقے سے باہر کی طاقتوں کی مداخلت اور فوجی موجودگی کے بغیرعلاقائی ملکوں کے باہمی تعاون سے ہی قائم ہوسکتی ہے۔
وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلے کے سلسلے میں علاقائی ملکوں کے ذمہ دارانہ طرزعمل پر زور دیتے ہوئے، ملکوں کے قومی اقتدار اعلیٰ اورخود مختاری کے دفاع اور جنگ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے، غاصب صیہونی حکومت کی جارحیتوں اور شرپسندیوں کے مقابلے کو بھی بنیادی ضرورت قرار دیا ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel