اسلام مخالف گستاخیوں پر اقوام متحدہ کی گہری تشویش
فرانس میں اسلام اور مسلمانوں کے حوالے سے مسلسل نفرت انگیز بیانات اور فرانسیسی صدر کی جانب سے توہین کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کے بعد عالمی سطح پر سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔
اقوام متحدہ میں اتحاد برائے تہذیب کے خصوصی نمائندہ مگیل اینجل موراتینو نے گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بے چینی پر گہری تشویش ظاہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں امن اور بھائی چارے کی فضا پیدا کرنے کے لیے مذاہب کا باہمی احترام بہت ضروری ہے، مذاہب اور مقدس شخصیات کی توہین سے معاشرے میں منافرت اور شدت پسندی کو بڑھاوا ملتا ہے۔
اقوام متحدہ کے نمائندے کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار کا استعمال اس انداز میں ہونا چاہیے جس میں مذاہب، ان کی تعلیمات اور اصولوں کا احترام بھی ملحوظ رکھا گیا ہو۔
یاد رہے کہ حالیہ برسوں میں فرانسیسی میگزین چارلی ہیبدو نے کئی بار پیغمبر اکرم (ص) کے خلاف توہین آمیز کارٹون شائع کیے اور فرانسیسی حکومت اور صدر امانوئل میکرون نے اسلام اور مسلمانوں پر پروپیگنڈا حملوں کو کم کرنے کے اقدامات کرنے کے بجائے اسلامی مقدسات کی توہین کو آزادئ اظہار رائے کا ایک اقدام قرار دیا جس کے بعد مسلمانوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور اس وقت دنیا بھر میں مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔