Nov ۰۹, ۲۰۲۰ ۱۴:۴۹ Asia/Tehran
  • لیبیا کی ارضی سالمیت کو یقینی بنایا جائے: تیونس

تیونس نے لیبیا کی ارضی سالمیت کی بھرپور حمایت پر زور دیا ہے

تیونس کے صدر قیس سعید نے اپنے ایک بیان میں لیبیا کی ارضی سالمیت اور یکجہتی کی حمایت پر زور دیا ہے۔

تیونس میں لیبیا کے موضوع  پر ہونے والی ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے قیس سعید نے لیبیا کے عوام کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام متحارب فریقوں کو یہ بات ذہن نشیں کرلینی چاہیے کہ لیبیا کے بحران کا حل جنگ نہيں ہے اور اسے طاقت کے زور پر حل نہيں کیا جا سکتا۔

قیس سعید نے لیبیا کے بٹوارے کی بابت خبردار کیا اور کہا کہ عالمی برادری نے لیبیا کے بحران کے حل کی لئے لیبیا کے عوام پر تکیہ کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیبیا موضوع پر تیونس میں ہونے والے اجلاس کا واحد مقصد اس ملک میں قیام امن کو یقینی بنانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بعض قوتیں لیبیا کے بٹوارے اور تقسیم کا منصوبہ بنارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیبیا میں لوگوں کے پاس موجود  ہتھیاروں کو سیکورٹی اداروں کے سپرد کئے جانے کی ضرورت ہے اور ہتھیار صرف لیبیا کی قانونی حکومت کے اختیار میں ہونے چاہییں۔

قیس سعید نے کہا کہ لیبیا اور تیونس کے عوام ملت واحدہ ہیں اور ان کی تقسیم اور بٹوارہ پورے خطے کی یکجہتی کو خطرے میں ڈال دے گا۔

اجلاس میں شریک لیبیا کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائںدے اسٹیفن ویلیمز نے دعوا کیا کہ اقوام متحدہ لیبیا کی خانہ جنگی ختم کرانے میں کوشاں ہے اور کافی حد تک کامیابی ملی ہے۔

لیبیا میں خانہ جنگی کے خاتمے کے مقصد سے اس مرحلے کے مذاکرات تیونس کی میزبانی میں انجام پا رہے ہيں۔

   

 

ٹیگس