بن یامین نتن یاہو کے خلاف چھبیسواں احتجاجی ہفتہ
اسرائیل کی خود ساختہ حکومت کے مخالفین ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے
اسرائیل کی خود ساختہ حکومت کے وزیراعظم بن یامین نتن یاہو کے مخالفین مالی بدعنوانیوں اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں غفلت برتنے کے مسئلے کو لے کر ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے اور نتن یاہو کے استعفے کا مطالبہ کیا۔
گذشہ چھ ماہ سے بن یامین نتن یاہو کے مخالفین ہفتے وار احتجاجی ریلیوں میں ان کی حکومت کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کررہے ہیں، نتن یاہو پر مالی بدعنوانیوں اور کورونا کی وبا سے نمٹنے میں کوتاہی کا الزام ہے۔
تل ابیب سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مظاہرین کی ایک بڑی تعداد نے نتن یاہو کی قیام گاہ کے سامنے دھرنا دیا اور صیہونی حکومت کے وزیرجنگ بنی گانتز کے گھر کے سامنے بھی مظاہرے کی کال دی ہے۔
نتن یاہو کی مالی بدعنوانیوں اور کورونا جیسی عالمی وبا سے نمٹنے میں حکومت کی غفلت اور کمزور پالیسیوں کے خلاف احتجاج کا سلسلہ چھبیسویں ہفتے میں داخل ہوگیا ہے تاہم بن یامین نتن یاہو علاقے کے خیانت کار بعض عرب ملکوں کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لائے جانے کو اپنی حکومت کی بڑی کامیابی کے دعوے کے ساتھ اپنی ساکھ کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔