کورونا ویکسینز کے مؤثر ہونے سے متعلق تحفظات
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کورونا ویکسینز کے بارے میں تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہر طرح کے اقدامات کرنا ہوں گے۔
عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کی نئی اقسام سامنے آںے کے بعد اس کی روک تھام کے لیے بنائی گئی ویکسینز کے مؤثر ہونے سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈرس ایڈہانوم نے کہا کہ کورونا کی نئی شکل سامنے آنے اور جنوبی افریقہ میں ایسٹر زینکا ویکسین لگانے کا سلسلہ معطل کرنے کے بعد ہمیں اس بات کا اندازہ کر لینا چاہیے کہ اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہمیں ہر طرح کے اقدامات کرنا ہوں گے۔
عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ کورونا وائرس کی سامنے آنے والی نئی شکلوں اور اقسام نے دستیاب ویکسینز کے مؤثر ہونے سے متعلق کئی شبہات اور تحفظات پیدا کر دیے ہیں۔انہوں ںے اسے تشویش ناک خبر قرار دیتے ہوئے بتایا تھا کہ کورونا وائرس کے لیے دستیاب ویکسینز میں سے کوئی بھی جنوبی افریقہ میں تشخیص ہونے والی کورونا وائرس کی تبدیل شدہ شکل کے خلاف پوری طرح مؤثر نہیں ہے۔