امریکی پولیس نے جارج فلوئیڈ کی طرح ایک اور شہری کا قتل کر دیا
امریکی پولیس اہلکاروں نے ایک اور امریکی شہری کی گردن گھٹنے سے دبا کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
سی این این کے حوالے سے موصولہ رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے تیس سالہ شہری انجلو کوئینتو کے گھرانے اور وکلا کا کہنا ہے کہ امریکی پولیس اہلکاروں نے انجلو کوئینتو کی گردن کو پانچ منٹ تک گھٹنے سے دبائے رکھا جس کے نتیجے میں تین دن کے بعد اس کی موت واقع ہو گئی۔
اس واقعہ کو تقریبا دو ماہ کا عرصہ پورا ہو رہا ہے مگر امریکی پولیس نے اب تک اس سلسلے میں کوئی وضاحت پیش نہیں کی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انجلوکوئینتو نفسیات کا مریض تھا اور اسے جارج فلوئیڈ کی طرح ہی قتل کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ پچیس مئی دو ہزار بیس کو جارج فلوئید کی امریکہ کی نسل پرست پولیس کے ہاتھوں ہونے والی موت کے بعد ریاست مینا سوٹہ کے شہر مینیاپولیس سمیت پورے امریکہ یہاں تک کہ دنیا کے مختلف ملکوں میں امریکی پولیس کے رویے کی مذمت میں مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔