فرانس میں آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مسئلہ
ماحولیاتی تحفظ کے حامیوں نے میکرون پر انتخابی وعدوں پر عمل نہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
فرانس میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے سرگرم تنظیموں نے صدر ایمانویل میکرون سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے تدارک کے لیے مزید اقدامات کریں۔
مختلف شہروں میں ہزاروں مظاہرین نے سڑکوں پر مارچ کیا اور صدر میکرون سے عالمی حدت سے نمٹنے کے سلسلے میں مزید اقدامات کا مطالبہ کیا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق مظاہروں کے منتظمین نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھر میں تقریبا 160 پروگرام منعقد کیے گئے، جن میں ایک لاکھ سے زیادہ شہریوں نے حصہ لیا۔
پیرس میں سرگرم تنظیموں کے ایک کارکن پیٹریکا سايمن کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے تحت اسمبلی پہلے ہی بل کی منظوری دے چکی ہے، تاہم انہیں میکرون کے دور صدارت سے بہت مایوسی ہوئی ہے۔
بل میں ان تمام داخلی پروازوں کو بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جو ڈھائی گھنٹے یا اس سے کم دورانیے کی ہوں اور جہاں ٹرین سے سفر کیا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ بل میں زیادہ توانائی خرچ کرنے والی عمارتوں کی از سر نو مرمت کی تجاویز بھی موجود ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ میکرون نے انتخابی مہم کے دوران ماحولیاتی اصلاحات پر ریفرنڈم کرانے کا وعدہ کیا تھا، تاہم اب وہ اس سے مکر گئے ہیں۔