اہم خبر ، نائیجیریا کی عدالت نے شيخ زکزاکی کی رہائی کا حکم دیا ، جلد ہی رہائی
کچھ ذرائع نے بتایا ہے کہ نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما، شیخ زکزاکی اور ان کی اہلیہ تمام الزامات سے بری ہو گئ ہیں اور جلد ہی انہیں رہا کر دیا جائے گا۔
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق شیخ زکزاکی کے دفتر نے بتایا ہے کہ نائیجیریا کی عدالت نے ، شیخ زکزاکی اور ان کی اہلیہ کی رہائي کا حکم دیا ہے اور اب ان دونوں کو رہا کر دیا جائے گا ۔ کادونا کی ہائي کورٹ نے سماعت کے دوران پہلے شیخ زکزاکی کی اہلیہ کو ، ان پر عائد آٹھوں الزامات سے بری قرار دیا ۔ شیخ زکزاکی اور ان کی اہلیہ کو بدھ کے روز شدید حفاظتی تدابیر کے دوران ، عدالت میں لایا گيا تھا ۔
شیخ زکزاکی کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گيا ہے کہ عدالت کے اس فیصلے سے نہ صرف یہ کہ شیخ زکزاکی بلکہ اسلامی تحریک کے تمام اراکین کی تصدیق ہے اور یقینی طور پر حکومت کی جانب سے ایذا رسانی کے مقابلے میں ان کی استقامت کے سامنے بڑی فتح ہے ۔
کچھ دنوں قبل ، شیخ ابراہیم زکزاکی کی بیٹی سہیلا زکزاکی نے بتایا تھا کہ ڈاکٹروں کی لاپروائي کی وجہ سے ان کے والدین کی طبیعت خراب ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے ماں باپ کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گيا تھا اور جیل میں طبی سہولتوں کی کمی کی وجہ سے ان کی طبیعت اور زیادہ خراب ہو گئ ۔
واضح رہے کہ نائیجیریا کی فوج نے بارہ اور تیرہ دسمبر دو ہزار پندرہ کو چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر زاریا شہر میں ایک امام بارگاہ اور آیۃ اللہ شیخ زکزاکی کے گھر پر حملہ کر کے ہزاروں شیعہ مسلمانوں کو شہید اور زخمی کر دیا تھا۔ شہید ہونے والوں میں آیت اللہ شیخ ابراہیم زکزاکی کے 3 بیٹے بھی شامل ہیں۔ فوج آیت اللہ ابراہیم زکزاکی اور ان کی اہلیہ کو زخمی کرنے کے بعد گرفتار کر کے لے گئی تھی جس کے بعد سے اب تک وہ جیل ہی میں ہیں اور ان کی جسمانی حالت تشویش ناک بنی ہوئی ہے۔