دنیا میں کورونا مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ
عالمی ادارہ صحت نے اعلان کیا ہے کہ ڈیلٹا ویرینٹ کے تیز رفتار پھیلاؤ سے آئندہ ہفتے دنیا میں کورونا مریضوں کی تعداد بیس کروڑ سے تجاوز کر جائے گی۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ ہفتے کورونا کے چالیس لاکھ سے زائد مریضوں کا اندراج کیا گیا اور اطلاعات کے مطابق مشرقی و مغربی بحیرہ روم اور مغربی بحر الکاہل کے ملکوں میں کورونا وائرس مزید تیزی سے پھیل رہا ہے جہاں مریضوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
مشرقی بحیرہ روم کے علاقے میں گذشتہ ہفتے کے مقابلے میں سینتیس فیصد اور بحرالکاہل کے مغربی علاقے میں گذشتہ ہفتے کے مقابلے میں تینتیس فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسی طرح جنوب مشرقی ایشیا کے علاقے میں نو فیصد بڑھنے کی رپورٹ ملی ہے جبکہ یورپ و امریکہ اور افریقہ میں گذشتہ ہفتے جیسے حالات ہی بنے رہے ہیں یا پھر ان میں معمولی سی بہتری دیکھی گئی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے کرونا کے بیشتر مریضوں کی تعداد امریکہ، ہندوستان، انڈونیشیا، برازیل اور اسلامی جمہوریہ ایران میں درج کی گئی۔
عالی ادارہ صحت کے اعلان کے مطابق دنیا میں کورونا مریضوں کی تعداد اب تک انیس کروڑ ستر لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ گذشتہ دو ہفتے کے مقابلے میں امریکہ میں بچوں اور نوجوانوں میں کورونا کے پھیلاؤ میں چوراسی فیصد اضافہ ہوا ہے۔ امریکی بچوں کے ماہرین کی اکیڈمی کے حوالے سے سی این این ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے کے دوران امریکہ میں تقریبا بہتر ہزار بچے اور نوجوان کورونا میں مبتلا ہوئے ہیں جس سے اس ملک میں گذشتہ دو ہفتے کے مقابلے میں اس مرض میں مبتلا ہونے والے بچوں اور نوجوانوں کی تعداد میں تقریبا چوراسی فیصد اضافہ ہونے کا پتہ چلتا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق، امریکہ میں بچوں اور نوجوانوں میں کورونا کے پھیلاؤ کا تناسب جون کے آخری ہفتوں کے مقابلے میں پانچ گنا زیادہ رہا ہے اور سبھی مریض ڈیلٹا ویرینٹ میں مبتلا پائے گئے ہیں۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں تین کروڑ ساٹھ لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں جن میں سے چھے لاکھ اکتیس ہزار افراد جان کی بازی ہار گئے۔