Oct ۰۳, ۲۰۲۱ ۱۹:۵۱ Asia/Tehran
  • برطانیہ نے جرمن ڈرائیوروں سے مدد طلب کرلی

حکومت برطانیہ نے ایندھن کے بحران پرقابو پانے کے لیے اپنے یہاں مقیم جرمن شہریوں سے مدد کی اپیل کی ہے۔

جرمن اخبار کے مطابق حکومت برطانیہ نے ایک خط کے ذریعے ملک میں مقیم ڈرائیونگ لائسنس کے حامل جرمن شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایندھن کے بحران پر قابو پانے میں اس کی مدد کریں۔

خط میں جرمن شہریوں سے کہا گیا ہے وہ بطور ٹرک ڈرائیور اچھی تنخواہ پر کام کر سکتے ہیں اور اس کے لیے اس کام کا کوئی پیشگی تجربہ بھی درکار نہیں۔
برطانیہ میں ایندھن کے بحران کو ایک ہفتے سے زیادہ ہو گیا ہے، حالانکہ حکومت نے اس سے پہلے کہا تھا کہ وہ پیٹرول اسٹیشنوں پر سپلائی کو مستحکم رکھنے کے لیے فوج کی خدمات حاصل کر رہی ہے۔ کہا جارہا ہے کہ دوسو فوجی اہلکاروں نے اپنے کام کا آغاز کر دیا ہے تاکہ ملک بھر میں پیٹرول اسٹیشنوں پر پڑنے والے صارفین کے دباؤ کو کم کیا جا سکے۔
کورونا کے پھیلاؤ اور ایندھن سپلائی کرنے والے بیشتر ڈرائیوروں کے ہوم آئسولیشن میں چلے جانے کو برطانیہ میں ایندھن کے بحران کی اصل وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ ہم ایمیگریشن قوانین پر نظرثانی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ ملک میں تیل کی سپلائی کرنے والے ڈرائیوروں کی کمی پر قابو پایا جا سکے۔

انہوں نے عندیہ دیا کہ برطانیہ عارضی ویزوں کے اجرا میں اضافہ بھی کرسکتا ہے۔

ٹیگس