Nov ۲۹, ۲۰۲۳ ۱۶:۲۰ Asia/Tehran
  • غزہ اور غرب اردن میں علاج معالجے کے 264 مراکز پر حملے، 23 اسپتال اور45 کلینک تباہ

صحت کی عالمی تنظیم نے بتایا ہے کہ سات اکتوبر سے اب تک غزہ اور غرب اردن میں صحت اور علاج معالجے کے دو سو چونسٹھ مراکز پر حملہ کی رپورٹ ملی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: صحت کی عالمی تنظیم ڈبلیو ایچ او کی ترجمان مارگریٹ ہیریس نے کہا ہے کہ غزہ میں صحت کے مراکز پر ایک سو اکیاسی اور غرب اردن میں ایک سو تراسی حملے کئے گئے ۔

انھوں نے بتایا کہ غزہ میں اسپتالوں پر حملوں میں پانچ سو ترپن افراد شہید اور سات سو سات زخمی ہوئے ہیں ۔ ڈبلیو ایچ او کی ترجمان نے بتایا کہ غزہ میں اسپتالوں پر حملوں میں بائیس ڈاکٹر شہید اور بائیس ڈاکٹروں سمیت اسپتالوں کے ننانوے کارکن زخمی ہوئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ان حملوں میں تیئیس اسپتال اور پینتالیس کلینک تباہ ہوئے ۔ ڈبلیو ایچ او کی ترجمان کا کہنا تھا کہ جنگ غزہ کے دوران چالیس ایمبولنسوں پر فائرنگ کی گئی ۔ ان کے مطابق غرب اردن میں ایمبولنسوں پر ایک سو پچاس حملے کئے گئے، ایمبولنسوں کے عملے کے افراد کو تشدد کا نشانہ بنانے کے ایک سو پانچ واقعات کا اندراج ہوا اور ستائیس واقعات طبی عملے کے افراد کی گرفتاری کے رپورٹ کئے گئے ۔

صحت کی عالمی تنظیم کی ترجمان نے کہا کہ شمالی غزہ میں صرف دو چھوٹے اسپتال کام کررہے ہیں ۔

دوسری طرف غزہ میں فلسطین کے محکمہ صحت نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینیوں کی امداد کے لئے اقوام متحدہ کے ادارے انروا نے اس کو بتایا ہے کہ صیہونی حکومت شمالی غزہ میں ایندھن پہنچانے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔

ٹیگس