Oct ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۱:۴۱ Asia/Tehran
  • پیغمبر اسلام  کی توہین کرنے والا اپنے انجام کو پہنچا

پیغمبر اسلام کی توہین کرنے والا اپنے انجام کو پہنچ گیا ہے۔

واشنگٹن ٹائمز کی سویڈش میڈیا کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق سویڈن کے کارٹونسٹ لارس ولکس، جس نے پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی (ص) کا خاکہ بنا کر توہین کی تھی ایک سڑک حادثے میں اپنے انجام کو پہنچا۔

 پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی (ص)  کی توہین کرنے والے ولکس کی عمر 75 سال تھی۔ یہ واقعہ اتوار کو جنوبی سویڈن کے قصبے مارکریڈ کے قریب اس وقت پیش آیا جب وہ پولیس کی سیکورٹی میں کہیں جارہاتھا ۔ روزنامہ ’دی ڈیگنز نیہیئٹر‘ (ڈی این) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ولکس کے ساتھی نے اس کی موت کی تصدیق کی ہے۔

سویڈش پولیس نے حادثے کی اطلاع دی ہے لیکن کسی کے نام جاری نہیں کیے۔

پولیس نے کہا کہ اتوار کی سہ پہر مارکریڈ کے باہرای 4 پر ایک کار اور ٹرک میں ٹکر ہوئی ۔ ساؤتھ زون میں حادثے کے وقت دو پولیس افسران گاڑی میں بحیثیت گارڈ سفر کر رہے تھے۔ اس حادثے میں تینوں ہلاک ہو گئے ۔

پولیس کے مطابق ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ حادثہ کیسے ہوا، معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔

خیال رہے 2007 میں پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی (ص)  کا خاکہ بنانے کے بعد دنیا بھر میں مسلمانوں نے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا اور اس کی مذمت کی جس کی وجہ سے ولکس کو پولیس سیکورٹی دی گئی تھی۔

ٹیگس