Aug ۱۳, ۲۰۲۲ ۱۰:۱۴ Asia/Tehran
  • مرتد رشدی کی حالت خراب، وینٹی لیٹر پر منتقل

امریکہ میں مرتد و ملعون سلمان رشدی قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہوا جس کے بعد اس کی حالت بگڑنے پر اسے وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ارنا نے مرتد سلمان رشدی کے ترجمان اندرو ویلی کے حوالے سے بتایا ہے کہ گزشتہ روز ریاست نیویارک کے علاقے شوٹاکوا میں جیسے ہی ایک تقریب میں تقریر کیلئے رشدی اسٹیج پر پہنچا تو ایک شخص نے اس پر حملہ کردیا، چاقو کے وار سے رشدی کی ایک آنکھ ضائع ہو گئی، جگر پر بھی زخم آئے جبکہ بازو کی نسیں بھی کٹ گئیں۔

 گستاخ رسول سلمان رشدی پر حملہ

امریکی میڈیا کے مطابق 75 سالہ ملعون سلمان رشدی کے جگر پر بھی زخم آیا جبکہ پیٹ اور گردن بھی زخمی ہیں، وہ بولنے اور بات کرنے سے بھی قاصر ہے، طبی امداد کیلئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں حالت انتہائی خراب ہونے پر اُسے وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

 گستاخ رسول سلمان رشدی پر حملے کے بعد کی صورتحال

خیال رہے کہ ملعون سلمان رشدی کو شانِ رسالت میں توہین آمیز اور گستاخانہ تصنیف کی وجہ سے ماضی میں بھی قتل کی دھمکیاں ملتی رہی ہیں۔

مرتد سلمان رشدی نے دسمبر 1988 میں رسول اسلام حضرت محمد مصطفی (ص) کے شان اقدس میں توہین آمیز کتاب لکھی جس سے پوری دنیا کے مسلمانوں میں شدید غصے کی لہر دوڑ گئی اور پوری دنیا بالخصوص بر صغیر ہندوستان و پاکستان میں اس کے خلاف وسیع پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا جس کے دوران متعدد افراد کو اپنی جان سے بھی ہاتھ دھونا پڑا تھا۔

ٹیگس