Jan ۰۷, ۲۰۲۳ ۱۱:۴۶ Asia/Tehran
  • ریپبلکن امیدوار کیون مک کارتھی بالآخر امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر منتخب ہوگئے

ریپبلکن کیون مک کارتھی 15 بار ووٹنگ کے بعد امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر منتخب ہوگئے۔

سحر نیوز/ دنیا: فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایوان نمائندگان کا اسپیکر منتخب ہونے کے لیے ووٹنگ کا سلسلہ بالاخر اختتام کو پہنچ گیا، رپبلکن امیدوار کیون مک کارتھی 216 ووٹ کے ساتھ اسپیکر منتخب ہوگئے جبکہ ڈیموکریٹک امید وار حکیم جیفریز نے 212 ووٹ حاصل کیے۔ ووٹنگ کے وقت 6 نمائندے غائب تھے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کی 212 کے مقابلے میں ری پبلکن کی 222 نشستیں ہیں، ان کے پاس معمولی اکثریت تھی۔

اس تمام عمل میں اس وقت ایک ڈرامائی تبدیلی رونما ہوئی جب کیون میکارتھی نے اپنے ایک درجن سے زیادہ ساتھیوں کی رائے تبدیل کر کے انہیں اپنی حمایت پر آمادہ کیا اور گزشتہ روز وہ فتح کے قریب نظرآئے تھے۔

جیت کے بعد مک کارتھی نے کہا کہ ہمارا نظام چیک اینڈ بیلنس کے تحت بنا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ ہم نظام پر نظر رکھیں اور صدر کی پالیسیوں میں توازن قائم کریں ۔

امریکہ کی 100 سالہ تاریخ میں یہ پہلی بارہوا تھا کہ پہلی ووٹنگ کے بعد اسیکر منتخب نہیں ہوسکا تھا۔

مک کارتھی کے اسپیکر کی کرسی سنبھالنے کے بعد نو منتخب قانون سازوں کے ساتھ ایوان کا 2023-2024 کا اجلاس اب دوبارہ شروع ہوگا۔

خیال رہے کہ نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کی مایوس کن کارکردگی کے بعد ریپبلکنز نے صرف ایوان کا کنٹرول سنبھالا تھا۔

57 سالہ کیون میکارتھی نے تجربہ کار قانون ساز نینسی پیلوسی کی جگہ لی ہے، جنہوں نے گزشتہ ماہ ڈیموکریٹک ہاؤس کی قیادت سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔

ٹیگس