Mar ۰۵, ۲۰۲۳ ۱۷:۲۴ Asia/Tehran
  • صیہونی وزیر کی اپنے موقف سے پسپائی

صیہونی حکومت کے وزیر خزانہ نے ایک فلسطینی گاؤں کو تباہ کرنے کی دھمکی کے بعد اپنے موقف سے پسپائی اختیار کر لی۔

سحر نیوز/ دنیا: صیہونی حکومت کے وزیر خزانہ بزالل اسموتریچ نے جنہوں نے مغربی کنارے کے گاؤں حوارہ کو تباہ کرنے کی دھمکی دی تھی، اپنے موقف سے دستبردار ہو گئے اور اسے "زبان کی لغزش" قرار دیا۔

صیہونی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسموتریچ نے کہا کہ گفتگو کے دوران الفاظ کے انتخاب میں ان سے غلطی ہوئی۔

اردن کی ویب سائٹ عمون کے مطابق اس صیہونی وزیر نے اس بات کی بھی تردید کی کہ اس نے حوارہ گاؤں پر آباد کاروں کے حملے اور فلسطینیوں کے مکانات اور کاروں کو نذر آتش کرنے کو "دہشت گردی" قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ نابلس میں حوارہ پر حملہ ایک خطرناک جرم تھا لیکن یہ دہشت گردی نہیں ہے۔

اس صیہونی وزیر نے حال ہی میں ایک بیان میں حوارہ کی تباہی کا مطالبہ کیا تھا۔ ان بیانات کے بعد عرب ممالک بشمول قطر، سعودی عرب، اردن، متحدہ عرب امارات اور مصر نے الگ الگ بیانات میں صیہونی حکومت کے وزیر خزانہ کے بیانات کی مذمت کی تھی ۔

ٹیگس