پرتگال میں حکومت کے خلاف مظاہرے ہوئے تیز
پرتگال میں مکانات کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ نے اس ملک کے شہریوں پر بہت زیادہ دباؤ ڈالا ہے جس کی وجہ سے اس ملک میں ملک گیر مظاہرے ہوئے۔
سحر نیوز/ دنیا: فرینکفرٹر آلگیمین زیتونگ اخبار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پرتگال میں 2010 سے اب تک رئیل اسٹیٹ کی قیمتوں میں 75 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے اور دوسری جانب کرائے میں بھی تقریباً 25 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
لزبن اور دیگر پرتگالی شہروں میں ہفتے کے روز ہزاروں افراد نے مکانات کا حق حاصل کرنے اور ان بلند قیمتوں کے خلاف احتجاج کرنے اور مزید سستی رہائش اور سماجی رہائش کا مطالبہ کرنے کے لیے مظاہرے کئے۔ مظاہرین ایسے بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر لکھا ہوا تھا رہائش، سب کا حق، یا حق یا امتیاز؟"
پرتگالی دارالحکومت میں تقریباً 10 سال سے مقیم 32 سالہ وکیل اینا ریس دا سلوا کہتی ہیں کہ میں مسلسل خوف میں رہتی ہوں کہ میرا مالک مکان کرایہ میں ظالمانہ اضافے کا اعلان کر دے گا۔
مظاہرین نے ہر ایک کے لیے اپارٹمنٹ رکھنے کا آئینی حق مانگا۔ ان مظاہروں کی کال مختلف انجمنوں اور تنظیموں نے دی تھی۔
ہاؤسنگ مارکیٹ میں بحران کے درمیان، پرتگال کی حکومت نے جمعرات کو ایک ایسے منصوبے کی منظوری دی ہے جس کا مقصد ملک میں دستیاب ایسے گھروں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے جہاں 7 لاکھ 30 ہزار گھر خالی پڑے ہیں یا انہدام کا خطرہ ہے۔
حکومت کے اہم اقدامات میں سے ایک نام نہاد گولڈن ویزا کے اجراء کو روکنا ہے، جو دولت مند سرمایہ کاروں کو رہائش کا حق دیتا ہے۔
بلاشبہ مظاہرین حکومت کے ان اقدامات کو کافی نہیں سمجھتے۔