یورپ کے ایک اور ملک میں مسلم مخالف اقدام: اسلامی حجاب پر پابندی عائد، چار ہزار یورو تک جرمانہ
اطلاعات کے مطابق یورپ کے ایک اور ملک میں اسلامی حجاب پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، خلاف ورزی کرنے پر دو سو سے چار ہزار یورو تک کا جرمانہ ہوسکتا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق یورپی ملک پرتگال کی پارلیمنٹ نے عوامی مقامات پر اسلامی حجاب (نقاب یا برقع) پر پابندی کا بِل منظور کرلیا۔ یہ بِل پرتگال کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت چیگا پارٹی نے پیش کیا تھا اور کثرت رائے سے منظور ہوگیا۔ حکومتی اتحاد لبرل جماعتوں اور چیگا پارٹی کے اراکین نے بِل کے حق میں ووٹ دیا جبکہ بائیں بازو کی جماعتوں اور کمیونسٹ ارکان نے مخالفت کی۔
اس بِل کی منظوری کے بعد اب پرتگال میں عوامی مقامات پر نقاب کے استعمال پر پابندی ہوگی اور خلاف ورزی کئے جانے پر 200 سے 4000 یورو تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں کسی کو زبردستی نقاب پہنانے یا مجبور کرنے پر 3 سال تک قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔ پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد اب یہ بِل صدر کے پاس توثیق کے لئے بھیجا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے یورپ کے کئی دیگر ممالک بھی اسلامی حجاب پر جزوی یا مکمل پابندی لگا چکے ہیں، ان میں فرانس، آسٹریا، بیلجیم اور ہالینڈ شامل ہیں۔