یورپین ٹریڈ یونین کا صیہونی حکومت کی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ
یوریین ٹریڈ یونین کنفیڈریشن نے یورپی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صیہونی حکومت کی کالونیوں میں تیار شدہ مصنوعات کی درآمدات اور برآمدات پر پابندی لگانے کے لیے اقدامات کریں۔
سحر نیوز/ دنیا: پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یورپین ٹریڈ یونین کنفیڈریشن نے بین الاقوامی قوانین کی رو سے دریائے اردن کے مغربی کنارے میں صیہونی کالونیوں کی تعمیر غیرقانونی ہونے کے تناظر میں یورپی اداروں کی جانب سے ان صیہونی کالونیوں میں تیارہ شدہ مصنوعات کی درآمدات اور برآمدات پر پابندی لگانے کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس ٹرید یونین نے فلسطینی عوام کے لیے ایک آزاد فلسطینی ریاست کے حق کی بھی حمایت کی ہے کہ جس کا دارالحکومت قدس شریف ہو۔
یورپین ٹریڈ یونین کنفیڈریشن پینتالیس ملین سے زائد یورپی مزدوروں اور ان کی ٹریڈ یونینوں کی نمائندہ ہے۔
حال ہی میں صیہونی حکومت کی منصوبہ بندی اور تعمیراتی کمیٹی نے مشرقی بیت المقدس اور دریائے اردن کے مغربی کنارے میں واقع فلسطینی علاقے میں چار سو چالیس نئے گھر تعمیر کرنے کی منظوری دی ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ اقوام متحدہ کی قرارداد تیئیس چونتیس کے مطابق صیہونی حکومت کی جانب سے کالونیوں کی تعمیر غیرقانونی ہے، لیکن اس کے باوجود صیہونی حکومت فلسطینیوں کے گھر مسمار اور صیہونی کالونیاں تعمیر کر کے اپنی تسلط پسندی اور توسیع پسندی کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کئی قراردادوں میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صیہونی کالونیوں کی تعمیر کی مذمت کر چکی ہے۔