جنگ غزہ کے آغاز سےاب تک دس صیہونی فوجی افسروں اورفوجیوں نے خودکشی کی ہے: صیہونی میڈيا
جنگ غزہ شروع ہونے کے بعد سے اب تک کم سے کم دس اسرائیلی فوجی خودکشی کر چکے ہیں.
سحرنیوز/ دنیا: صیہونی میڈيا کے مطابق جنگ غزہ کے نتیجے میں صیہونی فوجیوں کے درمیان نفسیاتی بیماریوں کے شدید ہونے کے باعث ، جنگ غزہ کے آغاز سے اب تک دس صیہونی فوجی افسروں اور فوجیوں نے خودکشی کرلی ہے - صیہونی اخبار ھا آرٹض نے اپنی ایک رپورٹ میں صیہونی فوجیوں کے درمیان خودکشی میں اضافے کی خبر دیتے ہوئے لکھا ہے کہ غزہ کے خلاف، جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فوجیوں میں خودکشی کرنے والوں کی تعداد دس تک پہنچ گئی ہے۔ اس صہیونی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ صہیونی فوجیوں نے یا خود کو گولی ماری ہے یا خود کو دھماکے سے اڑا لیا ہے اور ان کی ذہنی و نفسیاتی حالت انتہائی تکلیف دہ ہے۔
اخبار ھاآرٹض نے طوفان الاقصی آپریشن میں فلسطینی مزاحمت کے ہاتھوں شکست کے بعد، صیہونی فوجیوں کی خودکشی کی وجہ ، ان کی افسردگی اور ذہنی حالت بتائی اور اس حکومت کے فوجیوں کی حمایت بڑھانے پر زور دیا۔ صیہونی حکومت کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے خلاف جنگ کے آغاز کے بعد سے مقبوضہ علاقوں میں نفسیاتی مسائل، نیند کی گولیوں کے استعمال اور منشیات کے استعمال میں تین گنا اضافہ ہوا ہے۔
دریں اثنا صیہونی حکومت کے چینل بارہ نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ غزہ کے خلاف جنگ سے واپس آنے والے ایک اسرائیلی فوجی نے، جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والے نفسیاتی دباؤ کی وجہ سے اپنے ایک دوست کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ صیہونی ذرائع نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ غزہ کے خلاف جنگ کے آغاز سے اب تک نو ہزار صہیونی فوجیوں کا نفسیاتی علاج ہو چکا ہے اور ان میں سے ایک چوتھائی جنگ میں واپس نہیں آئے ہیں۔