یورپ میں پناہ گزینوں کے حامیوں اور مخالفین کے مظاہرے
Sep ۱۳, ۲۰۱۵ ۱۳:۵۸ Asia/Tehran
یورپی ملکوں میں تارکین وطن کی موجودگی کے حامیوں اور مخالفین نے مظاہرے کئے ہیں۔
تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد کے یورپ کا رخ کرنے کے ساتھ ہی اسپین، برطانیہ، جرمنی، فرانس اور ڈنمارک کے عوام نے ان ملکوں کے دارالحکومتوں کی سڑکوں پر نکل کر، یورپ میں پناہ گزینوں کی حمایت میں مظاہرے کئے ہیں-اسپین کے ہزاروں افراد نے ہفتے کے روز اس ملک کے مختلف شہروں منجملہ میڈرڈ اور بارسلونا میں مظاہرے کئے اور اپنی حکومت اور یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ جنگ سے فرار ہونے والے پناہ گزینوں کی اپنے ملکوں میں آمد کو آسان بنائیں-
دوسری جانب اٹلی کے ہزاروں افراد نے ملک کی مذہبی و سیاسی شخصیات کی اپیل پر جمعے کی شام کو بیک وقت ساٹھ شہروں میں جلوس نکالے اور پناہ گزینوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرکے ان کی حمایت میں، ننگے پاؤں سڑکوں پر پیدل مارچ کیا- اسی طرح سوئٹزر لینڈ، برطانیہ، فرانس اور ڈنمارک کے عوام نے بھی شامی پناہ گزینوں کی حمایت میں مظاہرے کئے اور ان کے لئے سرحدیں کھولے جانے کا مطالبہ کیا-
ان مظاہروں کے ساتھ ہی جمہوریہ چک،اسلواکی اور پولینڈ کے ہزاروں افراد نے ہفتے کے روز سڑکوں پر نکل کر یورپی ملکوں میں پناہ گزینوں کی آمد کی مخالفت میں مظاہرہ کیا-