Jul ۲۶, ۲۰۲۵ ۱۸:۵۷ Asia/Tehran
  • ریڈکراس: غزہ پٹی میں تمام قانونی اور اخلاقی معیارات کی خلاف ورزی کی گئی ہے

ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے صدر نے اس بات پر زور دیا ہے کہ غزہ پٹی میں تمام قانونی اور اخلاقی معیارات کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام:ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے صدر سپولیاریک نے اسرائیلی فوج کے حملوں اور علاقے کے شدید محاصرے کی وجہ سے غزہ پٹی میں پیدا ہونے والی سنگین انسانی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ پٹی میں قانونی اور اخلاقی معیارات کی خلاف ورزی کا کوئی جواز نہیں ہے۔

انہوں نے اس بات پر تاکید کی ہے کہ انسانی مصائب کی سطح اور انسانی وقار سے محرومی کی سطح تمام قابل قبول قانونی اور اخلاقی معیارات سے تجاوز کر چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ جنگ بندی کے بغیر گزرنے والےہر منٹ کا مطلب مذید عام شہریوں کی جانوں کا ضیاع ہے۔

سپولیاریک نے کہا ہے کہ خوراک کی تلاش میں شہری موت کا شکار ہورہے ہیں اور بچے خوراک کی کمی سے مر رہے ہیں۔ خاندانوں کو تحفظ کی تلاش میں بار بار نقل مکانی کرنا پڑتی ہے جس کا کوئی وجود نہیں ہے۔

سپولیاریک کے بقول غزہ میں انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کے تین سو پچاس کارکن موجود ہیں جو علاقے کے لوگوں کی طرح خوراک اور پینے کے صاف پانی کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ سپولیاریک نے مزید کہا کہ تمام ممالک کو جنیوا کنونشنز کے تحت بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام اوراسے یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنا چاہیے۔

ٹیگس