Feb ۲۲, ۲۰۱۷ ۱۳:۴۷ Asia/Tehran
  • پاکستانی وزیراعظم 3 روزہ دورے پر ترکی روانہ

وزیراعظم نوازشریف 3 روزہ دورے پر ترکی روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ پاک ترک اعلیٰ سطح کی تعاون کونسل کے پانچویں اجلاس کی صدارت کریں گے۔

پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف 3 روزہ دورے پرترکی روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ پاک ترک اعلیٰ سطح کی تعاون کونسل کے پانچویں اجلاس کی صدارت کریں گے جس کا قیام 2009 میں عمل لایا گیا تھا۔ کونسل کے تحت 6 مشترکہ ورکنگ گروپس کام کررہے ہیں اوریہ کونسل دوطرفہ قیادت کواسٹریٹجک فوکس اور رہنمائی فراہم کرتی ہے جب کہ کونسل کے فریم ورک کے تحت 50 سے زیادہ معاہدے اوریادداشتوں کوحتمی شکل دی گئی ہے۔ وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام پرمشتمل وفد بھی وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ ہے۔

شیڈول کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کل دن 12 بج کر15 منٹ پر ترک وزیراعظم سے ملاقات کریں گے، وزیراعظم اور ترک ہم منصب بن علی یلدرم اجلا س کی مشترکہ صدارت کریں گے جب کہ تزویراتی تعاون کونسل کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ وزیراعظم نوازشریف کل شام ترک پارلیمنٹ کا دورہ بھی کریں گے۔

وزیراعظم نوازشریف کل رات ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان 300 میگا واٹ کے سولر پاورپراجیکٹ کے معاہدے پر دستخط کئے جائیں گے۔ وزیراعظم نوازشریف تین روزہ دورے کے بعد 24 فروری کو وطن واپس پہنچ جائیں گے.

 

ٹیگس