مصر میں دسیوں دہشت گرد ہلاک
مصر کی فوج نے صوبۂ شمالی سینا میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے حملہ کر کے دسیوں مسلح افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔
لبنان کے المیادین ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق مصر کی فوج نے شمالی سینا میں واقع العریش شہر کے جہاد ابوطبل نامی علاقے میں دہشت گرد گروہ داعش سے وابستہ مسلح افراد کے ٹھکانوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔ اس حملے میں تقریبا تیس مسلح افراد ہلاک جبکہ چالیس کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔
مصر کے سیکورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ یہ اطلاع ملی تھی کہ بہت سے مسلح افراد نے العریش شہر پر دہشت گردانہ حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس اطلاع کے بعد یہ فضائی حملہ کیا گیا۔ اس حملے میں مسلح افراد کے متعدد موٹر سائيکل اور گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں۔
دریں اثناء مصر کی سیکورٹی فورسز نے چند دن قبل شمالی سینا میں واقع شیخ زوید شہر میں مسلح عناصر کے ٹھکانوں پر حملہ کر کے کم از کم پچیس مسلح افراد کو ہلاک اور چھ کو زخمی کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ انصار بیت المقدس ایک انتہا پسند تکفیری گروہ ہے جس نے دہشت گرد گروہ داعش کی بیعت کرنے کے بعد اپنا نام بدل کر ولایت سینا رکھ لیا ہے۔ انصار بیت المقدس نے شمالی سینا میں اب تک بہت سی دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دی ہیں جن کے نتیجے میں مصر کے دسیوں عام شہری اور سیکورٹی فورسز کے اہلکار جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔