Jun ۱۷, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۳ Asia/Tehran
  • ایران کے وزیرصنعت کی روسی وزیروں سے ملاقاتیں

ایران کے وزیرصنعت و تجارت نے سن پٹرزبرگ میں روس کے وزرائے صنعت و تجارت اور توانائی سے ملاقاتوں میں مختلف میدانوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیئے جانے کے بارے میں بات چیت کی ہے

ایران کے وزیرصنعت و تجارت محمد رضانعمت زادہ نے سن پیٹرزبرگ میں بین الاقوامی اقتصادی کانفرنس کے موقع پر انجام پانے والی ان ملاقاتوں میں ایران اور روس کے درمیان تجارتی اور صنعتی میدانوں میں مضبوط تعاون کی تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان میدانوں میں تعاون کو جاری رکھنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جانا چاہئے-

روس کے وزیرصنعت و تجارت ڈینس مانتوروف نے بھی اس ملاقات میں مختلف اقتصادی، تجارتی اور صنعتی میدانوں میں ایران کی توانائیوں کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا - دونوں ملکوں کے وزرائے صنعت نے بڑے پروجیکٹوں منجملہ طیارہ سازی ، ریلوے ، پیٹروکیمیکل ، تیل و گیس ، ادویات سازی ، آٹوموبائیل اور دیگر بھاری صنعتوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہارکیا -

ایران کے وزیرصنعت و تجارت محمد رضانعمت زادہ نے روس کے وزیرتوانائی الیگزنڈر نواک سے بھی ملاقات کی جس میں فریقین نے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا- روس کے شہر سن پیٹرزبرگ میں بین الاقوامی اقتصادی کانفرنس جمعے کو شروع ہوئی ہے جس میں دنیا کے مختلف ملکوں کے آٹھ سو سرکاری اور غیر سرکاری وفود شریک ہیں -

اس کانفرنس میں پابندیوں کے خاتمے کے بعد ایران کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی میدانوں میں تعاون کو فروغ دینا بھی ایک اہم موضوع ہے -

 

ٹیگس