Oct ۱۱, ۲۰۱۷ ۱۵:۵۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں دوکمانڈوز ہلاک

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے شمالی علاقے میں مسلح عسکریت پسندوں اور ہندوستانی فوج کے درمیان خونریز تصادم میں ہندوستانی فضائیہ کے دو کمانڈوز ہلاک ہوگئے ہیں

سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ شمالی کشمیر کے ہاجن علاقےمیں مسلح عسکریت پسندوں اور ہندوستانی فوج کے اہلکاروں کے درمیان شدید معرکے میں ہندوستانی فضائیہ کےدو کمانڈوز اور دو مسلح عسکریت پسند ہلاک ہوگئے - یہ پہلی بار ہے جب عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں ہندوستانی فضائیہ کے دو کمانڈوز مارےگئے ہیں - ان کمانڈوز کی ہلاکت کو ہندوستانی فوج کا بڑا نقصان قراردیا جارہا ہے - ہندوستانی فوج کے ایک افسر نے جائے واردات پر صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوج اور ایئر فورس سے وابستہ کمانڈوز اور ریاستی پولیس کے خصوصی آّپریشن گروپ سے وابستہ اہلکاروں نے ایک اطلاع ملنے کے بعد شمالی کشمیر کے ہاجن نامی علاقے کا محاصرہ کیا اور تلاشی کارروائی شروع کی جس کے دوران محاصرے میں آئے عسکریت پسندوں نے فورسز پر اپنی بندوقوں کے دہانے کھول دئے اور دستی بم داغے جس میں فضائیہ کے چار کمانڈوز زخمی ہوئے جن میں سے دو زخموں کی تاب نہ لاکر ہلاک ہوگئے جبکہ دو شدید طور پر زخمی ہیں - فورسزکی جوابی کارروائی میں دومسلح عسکریت پسند مارے گئے - ہندوستانی فوج کا کہناہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں مسلح عسکریت پسندوں کا تعلق لشکرطیبہ سے ہے اور دونوں ہی غیر ملکی بتائے جارہے ہیں - پچھلے چند ہفتے سے وادی کے جنوب اور شمال میں مسلح عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورس کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے -