Dec ۰۷, ۲۰۱۸ ۱۸:۰۹ Asia/Tehran
  • نئی دہلی تہران تعلقات کے بارے میں ہندوستان کے صدر جمہوریہ کا بیان

ہندوستان کے صدر نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ سیاسی، اقتصادی تجارتی اور ثقافتی میدانوں میں تعاون اور تعلقات کی توسیع نئی دہلی کے لئے خاص اہمیت کی حامل ہے۔

ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند نے جمعے کو نئی دہلی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نئے سفیر علی چگینی کی اسناد سفارت وصول کرنے کے لئے ہونے والی ملاقات میں ایران اور ہندوستان کے ثقافتی اور تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی لین دین کا حجم تیرہ ارب ڈالر مالیت کے موجودہ حجم سے کہیں زیادہ ہونا چاہئے-

انہوں نے کہا کہ ایران کی چابہار بندرگاہ کے توسیعی منصوبے میں ہندوستان کی شراکت دونوں ملکوں کے درمیان خوشگوار تعاون کی عکاسی کرتی ہے- ہندوستانی صدر نے کہا کہ دونوں ملکوں کو چاہئے کہ وہ اپنی اپنی توانائیوں اور دوطرفہ مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں-

ہندوستانی صدر نے چابہار میں ہوئے حالیہ دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ایران کے عوام اور حکومت کو تعزیت پیش کی-

ہندوستان میں ایران کے نئے سفیر علی چگینی نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے میں ایران کسی بھی حد کا قائل نہیں ہے اور تہران دونوں ملکوں کے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کی سطح کو اوپر لے جانے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے-