Jul ۱۲, ۲۰۱۹ ۲۰:۵۹ Asia/Tehran
  • سیاسی بحران کے دوران کرناٹک اسمبلی کا اجلاس شروع

ہندوستان کی ریاست کرناٹک میں سیاسی بحران کے دوران، اسمبلی کا دس روزہ مانسون سیشن جمعے کو شروع ہوگیا۔

ہندوستانی خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق جمعے کو کرناٹک کی ریاستی اسمبلی کا مانسون اجلاس شروع ہوا توگیارہ باغی اراکین، اسمبلی میں موجود نہیں تھے۔ اجلاس شروع ہونے سے پہلے کانگریس پارٹی اور جنتا دل سیکولر کے ساتھ حزب اختلاف بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھی اپنے اراکین اسمبلی کے لئے اجلاس میں ہر حال میں موجود رہنے کی وہپ جاری کردی تھی۔
اسمبلی کے اجلاس میں جانے سے پہلے حزب اختلاف بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر اور اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بی ایس یدی یورپا نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کریں گے ۔
یاد رہے کہ ہندوستانی سپریم کورٹ نے کرناٹک کے باغی اراکین اسمبلی کے کیس میں جمعے کو سماعت کی اور منگل کو اگلی سماعت تک صورتحال جوں کی تیوں باقی رکھنے کا حکم دیا ہے ۔ سپریم کورٹ نے اسی کے ساتھ کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر کو حکم دیا ہے کہ وہ باغی اسمبلی اراکین کے استعفے کے بارے میں فیصلہ اور سپریم کورٹ کو اس سے مطلع کریں۔ کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر کے آر رمیش نے اعلان کیا ہے کہ وہ عدالت کے حکم پر عمل کریں گے۔