Nov ۱۷, ۲۰۱۹ ۱۷:۵۳ Asia/Tehran
  • بابری مسجد فیصلے پر ہندوستانی سپریم کورٹ کو چیلنج کیا جائے گا

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے بابری مسجد کے سلسلے میں ہندوستانی سپریم کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے

آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے رکن سید قاسم رسول الیاس نے بورڈ کی جانب سے بابری مسجد کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ مسلم پرسنل لا بورڈ سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل دائر کرے گا۔

انھوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ لکھنؤ میں منعقدہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔

بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ یہ پٹیشن ایک مہینے کے اندر داخل کردی جائے گی۔

ہندوستانی ذرائع ابلاغ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے ایودھیا میں پانچ ایکڑ زمین لینے سے بھی انکار کردیا ہے جس کا سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں حکم دیا تھا۔ بورڈ کے سیکریٹری ظفریاب جیلانی نے بورڈ کی ورکینگ کمیٹی کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی اطلاع دیتے ہوئے پریس کانفرنس میں بتایا کہ بورڈ کا کہنا ہے کہ مسجد کی زمین اللہ کی ہے اور شرعی قانون کے مطابق وہ کسی اور کو نہیں دی جا سکتی اور اس زمین کے لئے آخری دم تک قانونی لڑائی لڑی جائے گی۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا کہنا ہے کہ مسجد کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان کے سپریم کورٹ نے ایودھیا میں واقع بابری مسجد کی زمین ہندؤں کے حوالے کرنے کا فیصلہ سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ اس زمین پر رام مندر بنا سکتے ہیں۔

عدالت کے فیصلے میں شہر ایودھیا میں ہی مسجد کی تعمیر کے لئے پانچ ایکڑ زمین دینے کا حکم دیا گیا ہے۔

ٹیگس