Feb ۱۷, ۲۰۲۰ ۱۶:۰۳ Asia/Tehran
  • مس‏ئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی ثالثی ہندوستان نے مسترد کردی

ہندوستان نے مسئلہ کشمیر میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے ثالثی کی پیشکش کو مسترد کردیا ہے۔

ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے پیر کو کہا کہ ہندوستان مسئلہ کشمیر میں کسی تیسرے ملک یا کسی ادارے کی ثالثی کو قبول نہیں کرتا اور کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور یہ حقیقت تبدیل نہیں ہوسکتی۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد کے اپنے دورے میں ہندوستان کے زیرانتظام جموں کشمیر کے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس مسئلے کے حل کے لئے ثالثی کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے ساتھ ہی پاکستان اور ہندوستان دونوں سے کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی تھی۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل گوتریس نے کہا کہ میں نے شروع سے ہی مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد کی پیشکش کی تھی اور اگر دونوں ممالک ثالثی کے لئے راضی ہوں تو میں اس کے لئے تیار ہوں۔ انہوں نے اسلام آباد اور نئی دہلی سے کہا کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیتے ہوئے اپنے درمیان کشیدگی کم کریں۔ ہندوستانی وزارت کے خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ جموں کشمیر میں حالات جوں کے توں ہیں اگر اس کے علاوہ کچھ ہوتا ہے تو ہندوستان دوطرفہ بات چیت کرے گا لیکن کسی تیسرے فریق کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
ادھر ہندوستان کے برخلاف پاکستان کئی بار عالمی اداروں سے یہ کہہ چکا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور اقوام متحدہ سے بھی ثالثی کا کردار ادا کرنے کی اپیل کرچکا ہے۔

ٹیگس