Mar ۲۳, ۲۰۲۰ ۰۸:۵۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں نکسلیوں اور سکیورٹی فورسز میں تصادم، 36 ہلاک و زخمی

ہندوستان میں ماؤ نواز باغیوں نے پولیس کمانڈوز کے قافلے پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 17 اہلکار ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے جبکہ 12 اہلکار لاپتہ ہیں۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق چھتیس گڑھ کے ضلع سکما کے چنتاگپھا علاقے میں پولیس اور نکسلیوں کے درمیان ہوئے تصادم میں سترہ سکیورٹی اہلکار ہلاک اور پندرہ زخمی ہوئے  جنہیں بذریعہ ہیلی کاپٹر رائے پور منتقل کر دیا گیا جن میں سے پانچ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے ۔

بستر رینج کے انسپکٹر جنرل سندر راج  پی کا کہنا ہے کہ چنتا گپھا علاقے کے کسالپاڑ منپا میں گزشتہ روز ہوئے نکسلی تصادم کے بعد سے سترہ اہلکار لاپتہ بتائے گئے تھے جن کی لاش بر آمد کر لی گئی۔ اس تصادم میں پندرہ  اہلکار زخمی ہو ئے ہیں۔

پولیس اور نکسلیوں کے درمیان گزشتہ روز تقریبا پانچ گھنٹے تک تصادم جاری رہا تھا جس میں پانچ سے چھ نکسلیوں کے مارے جانے کا بھی دعوی کیا گیا ہے ۔ وہیں اس تصادم میں کئی دیگر نکسلی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

حملے کا شکار ہونے والے کمانڈوز اس علاقے میں باغیوں کیخلاف آپریشن کرنے گئے تھے تاہم اس سے قبل ہی ماؤ باغیوں نے کمانڈوز پر حملہ کردیا جس کے بعد دونوں کے درمیان کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

ٹیگس