Sep ۱۲, ۲۰۲۰ ۱۰:۴۰ Asia/Tehran
  • سماجی رہنما سوامی اگنی ویش انتقال کر گئے

ہندوستان کے سماجی کارکن اورسماجی رہنما سوامی اگنی ویش انتقال کر گئے۔

ہندوستان کے معروف سماجی اسکالر و گنگا جمنی تہذیب کے علمبردار سوامی اگنی ویش جی جمعہ کو دہلی کے انسٹی ٹیوٹ آف جگر اینڈ بلیری سائنسز میں انتقال کر گئے۔ وہ شدید بیمار تھے اور جگر کے عارضہ میں مبتلا  تھے۔

 سوامی اگنی ویش جی 1939 میں ریاست آندھراپردیش کے سریکاکولم میں برہمن سناتی ہندو خاندان میں پیدا ہوئے ان کا اصل نام ویپا شیام راؤ تھا‘ پورے ملک میں ہر طبقہ و مذہب کے لوگوں میں بے حد مقبول تھے‘ وہ ملک کی بڑی مسلم تنظیموں کے ساتھ سیکولرزم کی بقاء و تحفظ کے لیے جہد مسلسل کرتے رہے۔ 

بندھوا مکتی مورچہ کے قائم مقام صدر سوامی آریہ ویش نے بتایا کہ سوامی اگنی ویش کا جسد خاکی 12 ستمبر کو صبح گیارہ سے دوپہر دو بجے تک آخری دیدار کے لئے جنتر منتر مارگ پر واقع دفتر میں رکھا جائے گا۔

ہندوستان کے نائب صدر ایم ونکیا نائیدو نے سوامی اگنی ویش کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے سوامی اگنی ویش کے انتقال پر صدمہ کا اظہار کیا ہے۔

مسٹر گاندھی نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ سوامی جی کا انتقال آریہ سماج سمیت پورے ملک کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔

ٹیگس