Feb ۱۰, ۲۰۱۶ ۰۷:۵۸ Asia/Tehran
  • اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی
    اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی

اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی نے کہا ہے کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی خطے اور دنیا کی تاریخ میں ایک بے مثال واقعہ ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سینتیسویں سالگرہ اور عشرہ فجر کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس انقلاب کا ثمرہ ایک اسلامی جمہوری نظام تھا جو دینی جمہوریت کی صورت میں جلوہ گر ہوا۔

آیت اللہ آملی لاریجانی نے اسلامی ہونے کو انقلاب اسلامی کی ایک اہم خصوصیت قرار دیا۔ عدلیہ کے سربراہ نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ لوگ ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی بائیس بہمن (مطابق گیارہ فروری) کے جلوسوں میں بھرپور شرکت کر کے امام خمینی رح کے معین کردہ عظیم انقلابی مقاصد کا دفاع کریں گے۔

آیت اللہ آملی لاریجانی نے کہا کہ میدان میں عوام کی موجودگی ہمیشہ اس اسلامی نظام کے استحکام کی ضامن رہی ہے اور عوام کی اس موجودگی کے باعث اس نظام کے دشمن اور دنیا میں تسلط کا نظام قائم کرنے والے لوگ یقینا ہمارے ملک کے خلاف جارحیت کا ارتکاب کرنے کے سلسلے میں مایوس ہوجائیں گے اور پابندیوں جیسے ایذا رسانی کے اقدامات کی سوچ اپنے دماغوں سے نکال دیں گے۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے سربراہ اور حکام نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح کے مزار پر حاضری دی اور تجدید عہد کیا۔

ٹیگس