May ۲۷, ۲۰۱۶ ۰۹:۳۴ Asia/Tehran
  • رہبر انقلاب اسلامی سے شہید بدر الدین کے اہل خانہ کی ملاقات

حزب اللہ لبنان کی فوجی شاخ کے کمانڈر شہید سید مصطفی بدرالدین کے اہل خانہ نے بدھ کے دن رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کی۔

دفتر حفظ و نشر آثار حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی جمعرات کے دن کی رپورٹ کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں شہید بدر الدین کی شجاعت و دلاوری کو سراہتے ہوئے فرمایا کہ میں نے اس شہید کی مستحکم اور آہنی شخصیت کے بارے میں بہت کچھ سنا ہے اور میں اللہ تعالی سے اس کی بلندی درجات اور اس شہید کے اہل خانہ کے لئے صبر کی دعا کرتا ہوں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں تاکید کی کہ لبنان، حزب اللہ اور استقامت کے مجاہدین کی برکت سے ایک مثالی سرزمین میں تبدیل ہوچکا ہے اور شاید ہی کوئی ایسی جگہ نظر آئے جہاں اس قدر زیادہ مومن اور مخلص افراد موجود ہوں۔

حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے شہید بدرالدین کے اہل خانہ کو مخاطب قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ لبنان جغرافیائی اعتبار سے ایک چھوٹا ملک ہے لیکن اس کے باوجود معنوی اعتبار سے پورے خطے پر اس کے اثرات ہیں اور یہ سب استقامت کے شہیدوں کے خون کی بدولت ہے۔

اس موقع پر رہبر انقلاب اسلامی نے اپنی انگوٹھی شہید بدرالدین کے بیٹے علی بدرالدین کو عطا کی۔

واضح رہے کہ حزب اللہ لبنان کی فوجی شاخ کے کمانڈر سید مصطفی بدرالدین تیرہ مئی کو شام کے دارالحکومت دمشق کے فوجی ایئرپورٹ کے قریب تکفیریوں کے توپخانے کے حملے میں شہید ہوئے تھے۔

ٹیگس