Jun ۲۹, ۲۰۱۶ ۰۸:۱۸ Asia/Tehran
  • ڈاکٹر حسن روحانی: اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج نے کبھی بھی دوسروں پر جارحیت کے بارے میں نہ تو سوچا ہے اور نہ ہی سوچتی ہیں۔
    ڈاکٹر حسن روحانی: اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج نے کبھی بھی دوسروں پر جارحیت کے بارے میں نہ تو سوچا ہے اور نہ ہی سوچتی ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ایران کی مسلح افواج کی بلند ہمت اور جذبے، عوامی مقبولیت، معنوی کمانڈ اور پیشہ ورانہ صلاحیت کو عالمی میدان میں ان کی منفرد خصوصیات قرار دیا ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کی رات مسلح افواج کے کمانڈروں اور اعلی حکام کے ساتھ افطار پارٹی میں اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج نے کبھی بھی دوسروں پر جارحیت کے بارے میں نہ تو سوچا ہے اور نہ ہی سوچتی ہیں لیکن وہ اپنا بھرپور دفاع کرنے کے سلسلے میں پرعزم ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حکومت، مسلح افواج کو مضبوط بنانے پر زور دیتی ہے اور ایران کی مسلح افواج پوری طاقت کے ساتھ دشمنوں کے سامنے کھڑی ہیں اور وہ ہمیشہ اپنی اس تیاری کو باقی رکھیں گی۔

صدر مملکت نے مسلح افواج کی تیاری اور ان کی معنوی، ایمانی اور اسلامی قدرت و طاقت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی مسلح افواج کے اندر ارضی سالمیت، عزت و شرف، ملت اور نظام کے دفاع کا جذبہ ایک معنوی اور روحانی جذبہ اور محرک ہے۔

صدر مملکت نے اسی طرح اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران مشرق وسطی کے علاقے کی سلامتی کے تحفظ اور اس علاقے کے عوام کی خواہشات پر توجہ دینے پر تاکید کرتا ہے، مزید کہا کہ ایران کا مقابلہ ان گروہوں سے ہے جو علاقے کی سلامتی اور سیکورٹی کو پسند نہیں کرتے ہیں اور بدامنی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کسی ملک کے امور میں مداخلت کرنا نہیں چاہتا اور نہ ہی کسی کو مداخلت کرنے کی اجازت دے گا اور علاقے کے عوام کو اپنی اور اپنے ملک کی تقدیر کے بارے میں خود فیصلہ کرنا چاہیے۔

 

ٹیگس