Mar ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۳:۳۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی جانب سے صدر ایران کے نام نوروز کی مبارک باد کا پیغام

ہندوستان صدر پرنب مکھرجی نے ایران کی حکومت اور عوام کو نوروز کی مبارک باد پیش کی ہے۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے نام اپنے پیغام میں ایران کی حکومت اور قوم کو نئے ہجری شمسی سال کے آغاز کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور ہندوستان کے درمیان دوستی و قریبی تعاون سے گذشتہ دو ہزار سے زائد برسوں میں دونوں ممالک میں گہرے تاریخی اور ثقافتی تعلقات قائم ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ نئی دہلی، آئندہ برسوں میں دو طرفہ سودمند شراکت کے فروغ کا نہایت اشتیاق کے ساتھ منتظر ہے۔

ادھر جرمن صدر اشٹائن مایر نے بھی صدر مملکت ڈاکٹر روحانی کے نام ایک پیغام میں ایران کی حکومت اور قوم کو نوروز کی مبارک باد پیش کی۔

اپنے اس پیغام میں جرمنی کے صدر نے ایرانی عوام کے لئے اپنے ملک کے عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اشٹائن مایر نے کہا کہ نوروز یعنی نیا نور، اور یہ ایک ایسا نام ہے جو بہار کے موسم کے آغاز میں دن و رات کی برابری کا بیانگر ہے اور ایرانی عوام، دینی و ثقافتی سرحدوں سے باہر نکل کر نئے ہجری شمسی سال کے آغاز کا جشن مناتے ہیں۔