Apr ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۷:۱۸ Asia/Tehran
  • بعض ممالک دہشت گردی کو افغانستان منتقل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، علی شمخانی

ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے کہا ہے کہ علاقے کے بعض ممالک، افغانستان میں بدامنی پھیلانے عراق و شام دہشت گردوں کو افغانستان منتقل کئے جانے کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے کہا ہے کہ علاقے کے بعض ممالک، افغانستان میں بدامنی پھیلانے کے علاوہ اس ملک کا سیکورٹی ڈھانچہ کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ عراق و شام میں شکست خوردہ دہشت گردوں کو افغانستان منتقل کئے جانے کی راہ ہموار کی جاسکے۔
ہفتے کی رات قومی سلامتی کے امور میں صدر افغانستان کے مشیر حنیف اتمر سے ٹیلیفون پر گفتگو میں ڈاکٹر علی شمخانی نے افغانستان کے صوبے بلخ میں فوجی چھاؤنی پر طالبان کے حملے کی مذمت کی اور اس دہشت گردانہ حملے میں مارے جانے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کرنے کے لئے آمادہ ہے۔
انھوں نے دہشت گرد گروہوں کے خلاف مہم میں افغانستان کی حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے متحد ہو جانے اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف سخت کارروائی کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور افغانستان کے درمیان سیکورٹی امور اور مشترکہ اطلاعات سے متعلق تعاون میں فروغ، دونوں مملکوں میں امن و استحکام کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔
اس گفتگو میں قومی سلامتی کے امور میں صدر افغانستان کے مشیر حنیف اتمر نے بھی ایران کی حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے علاقے سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنے اور امن و استحکام کے قیام کے لئے ایران اور افغانستان کے درمیان تعاون اور صلاح مشورے کا عمل جاری رکھے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔
واضح رہے کہ افغانستان کے صوبے بلخ میں فوجی چھاؤنی پر طالبان کے دہشت گردانہ حملے میں ایک سو پچاس فوجی مارے گئے ہیں۔

ٹیگس