May ۱۹, ۲۰۱۷ ۱۸:۰۰ Asia/Tehran
  • امریکہ کا نیا اقدام اس کی کوتاہ فکری کا نتیجہ : جواد ظریف

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکہ کا نیا اقدام اس کی کوتاہ فکری کا نتیجہ ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے کبھی بھی جامع مشترکہ ایکشن پلان کے منشور اور اس پر عمل نہیں کیا اور اس کے ایران مخالف اقدامات اس کی کوتاہ فکری کا نتیجہ ہیں-

محمد جواد ظریف نے کہا کہ امریکی حکومت نے معینہ مدت سے ایک روز قبل ہی پابندیوں کے التوا کی مدت تو بڑھا دی تاہم اس کے باوجود وہ کوشش کر رہی ہے کہ کچھ اقدامات کرے اور ماحول کو تلخ بنائے-

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ امریکہ نے پہلے بھی یہ اعلان کرنے کے بجائے کہ ایران، معاہدے کی پابندی کر رہا ہے، کہا کہ وہ نہیں چاہتا کہ ایران جامع مشترکہ ایکشن پلان سے زیادہ فائدہ اٹھائے اور اسی بنا پر اس نے میزائلی پابندیوں کی فہرست میں کچھ نام بڑھا دیئے-

محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران نے بھی جوابی اقدام کے تحت نو امریکی کمپنیوں اور شخصیات پر پابندی عائد کر دی ہے-

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بدھ کو جامع مشترکہ ایکشن پلان کی بنیاد پر ایران پر پابندیوں کے التوا کی مدت بڑھاتے ہوئے ایران کے میزائلی پروگرام کے بہانے مزید سات افراد اور ایرانی و غیرملکی کمپنیوں پر پابندی عائد کر دی-

 

ٹیگس