Sep ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۸:۱۵ Asia/Tehran
  • دفاعی توانائیوں میں اضافے پر ایران کی تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ وہ اپنے انواع و اقسام کے میزائلی پروگرام کی توسیع اور اس کی تقویت کے لئے کسی سے اجازت نہیں لےگا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیردفاع بریگیڈیرجنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ ایران اپنے انواع و اقسام کے میزائلی پروگرام کی توسیع و تقویت کے لئے کسی  سے بھی اجازت نہیں لے گا-

وزیردفاع امیر حاتمی نے ہفتے کو ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک بعض ممالک دھمکی آمیز زبان میں ایران سے بات کریں گے ایران کی دفاعی بنیادوں کی تقویت کا سلسلہ جاری رہے گا-

وزیردفاع نے ایران کی دفاعی صنعت کے مقامی ہونے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ انواع و اقسام کے میزائل، جنگی ساز و سامان، ایئر ڈیفنس سسٹم اور بحری جنگی ساز و سامان سب ایرانی ماہرین کے ہاتھوں تیار ہوئے ہیں اور ایرانی ماہرین اس راستے کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے-

انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی دفاعی پالیسی کو مکمل طور پر دفاعی قرار دیا اور کہا کہ ایران کسی بھی دھمکی، پابندی اور دباؤ میں نہیں آئے گا اور ایران کی  دفاعی حکمت عملی،  ہر قسم کے خطرات اور دھمکیوں کے پیش نظر تیار کی گئی ہے-

وزیردفاع نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کی وزارت دفاع اپنے دفاعی ہتھیار دشمن کی سوچ کے مطابق تیار کرتی ہے، کہا کہ ایران کا دفاعی اور میزائلی ویژن دھمکیوں اور خطرات کے اعتبار سے ہے اور ایران پر حملے کے بارے میں دشمن کی ہر بات، علاقے میں ان کی پالیسیوں کی شکست کا نتیجہ ہے-

اس درمیان اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے کمانڈر احمد رضا پوردستان نے کہا ہے کہ اگر دشمن نے کوئی غلطی کی تو اس کو ایسا جواب دیا جائے گا کہ وہ ہمیشہ پچھتائے گا-

فوج کے کمانڈر نے ہفتے کو بندر عباس میں بحریہ کے جوانوں کے ایک پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحریہ کی موجودگی اور بری اور فضائی افواج کی دلیری اس بات کا باعث بنی ہے کہ دشمن اپنی چال میں کامیاب نہ ہو سکے- 

انہوں نے کہا کہ ایرانی ماہرین کے ہاتھوں تیار کئے گئے جنگی ہوائی جہاز اور راڈار ایران کی پوری فضائی حدود کی نگرانی کر رہے ہیں- فوج کے کمانڈر نے کہا کہ ایران کے دفاعی ساز و سامان، ملک کے اندر ہی تیار کئے گئے ہیں اور ایران کی دفاعی توانائیوں سے آج سبھی واقف ہو چکے ہیں-

ٹیگس