Dec ۰۷, ۲۰۱۷ ۱۹:۱۴ Asia/Tehran
  • ایران، پاکستان اور ترکی اسلامی یونین کے قیام کی کوشش تیز کریں

عالمی تقریب مذاہب اسلامی فورم کے سربراہ آیت محسن اراکی نے اسلامی یونین کے قیام کے لیے ایران، پاکستان اور ترکی کی کوششوں میں اضافے پر زور دیا ہے۔

 عالمی وحدت اسلامی کانفرنس میں شریک جماعت اسلامی پاکستان کے سینیئر رہنما لیاقت بلوچ کے ساتھ ایک ملاقات میں آیت اللہ محسن اراکی کا کہنا تھا کہ اسلامی یونین کے قیام سے مسلم ملکوں کے درمیان اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
 آیت اللہ محسن اراکی نے اسلامی ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ میں علمائے کرام کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اتحاد کی تقویت اور رابطوں میں اضافہ کر کے اسلامی دنیا کی گنجائشوں سے صحیح فائدہ اٹھانے کا راستہ ہموار ہو سکتا ہے۔
 جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ نے اس موقع پر  پاکستان اور ایران کے درمیان پائے جانے والے دیرینہ مذہبی اور ثقافتی رشتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سامراجی ممالک اسلام آباد اور تہران کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کی سازش پر عمل پیرا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے عوام دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات متاثر کئے جانے کی سازشوں کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ اکتیسویں وحدت اسلامی کانفرنس میں شرکت کے لیے ان دنوں ایران کے دورے پر ہیں۔ 

ٹیگس