Jan ۱۱, ۲۰۱۸ ۱۷:۵۰ Asia/Tehran
  • امریکا کی باتوں پر کوئی بھی توجہ نہیں دیتا

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ امریکا کی باتوں کو اب کوئی اہمیت نہیں دیتا۔

ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے امریکی ایوان نمائندگان میں ایران مخالف بل کی منظوری کے رد عمل میں کہا کہ امریکا کی باتوں کواب کوئی بھی اہمیت نہیں دیتا۔
وزیرخارجہ جواد ظریف نے ماسکو میں نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران کہا کہ ایران کے عوام نے ثابت کردیا کہ وہ اپنے حقوق کی کھل کر بات کرتے ہیں جبکہ ایران کی حکومت اوراسلامی جمہوری نظام بھی عوام کے حقوق کی پاسداری پر تاکید کرتا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ حکومت کا انتخاب اور حکومت کی کارکردگی پر تنقید دونوں عوام کا ہی حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں امریکا کے اتحادی ممالک اپنے عوام کے اس طرح کے کسی بھی حق کو تسلیم نہیں کرتے اور امریکی حکومت اور امریکی ایوان نمائندگان نے بھی کبھی بھی اپنے علاقائی اتحادی ملکوں کے میں پائی جانی والی اس صورتحال پر کوئی تنقید نہیں کی ہے اور نہ ہی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایرانی وزیرخارجہ نے ایٹمی معاہدے کے بارے میں امریکی صدر ٹرمپ کے ممکنہ فیصلے کے حوالے سے کہا کہ ٹرمپ کے  بارے میں پہلے سے کوئی پیشین گوئی نہیں کی جاسکتی کہ وہ کیا کریں گے اور ان کی شخصیت کا یہ پہلو اس بات کا باعث بنا ہے کہ اب امریکا کے اتحادی ممالک بھی واشنگٹن پر اعتماد نہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری نے واضح طور پر یہ پیغام  دیا ہے کہ وہ امریکی پالیسیوں کی حمایت نہیں کرتی اور درحقیقت وہ امریکی پالیسیوں کو تباہ کن سمجھتی ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان نے منگل کو ایران مخالف قرارداد پاس کرکے پچھلے دنوں ایران کے بعض شہروں میں کئے گئے ہنگاموں کی حمایت کرتے ہوئے اس کو آزادی اظہار رائے کا نام دیا اور حکومت سے کہا کہ وہ ایران پر پابندیوں کے حربے سے تہران کے خلاف استفادہ کرے۔