Nov ۱۳, ۲۰۱۸ ۱۹:۰۳ Asia/Tehran
  • قتل سے متعلق آل سعود کے منصوبوں پر ایران کے وزیرخارجہ کا ردعمل

ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایرانی شخصیات کے قتل پرمبنی سعودی منصوبوں سے متعلق امریکی اخبار کی رپورٹ صحیح ہے۔

ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے ایرانی شخصیات اور حکام کے قتل کے لئے سعودی منصوبوں کے بارے میں امریکی اخبار نیویارک ٹائمزکی رپورٹ کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایران اس قسم کے منصوبوں سے باخبر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے باضابطہ طورپراعلان کیا ہے کہ جنگ کو ایرانی سرحدوں میں پہنچایا جائے گا جس کے بعد ایران کو خاص طور سے مشرقی سرحد میں مسلح اور دہشت گردانہ گروہوں کی سرگرمیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا اور داعش دہشت گرد گروہ نے دہشت گردانہ اقدامات منجملہ ایران کی پارلیمنٹ کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔

محمد جواد ظریف نے کہا کہ سعودی حکام علاقے پراپنا تسلط جمانے کی کوشش کر رہے ہیں اور ایرانی شخصیات کے قتل سے متعلق سعودی منصوبوں کی خبریں، سعودی حکام کے پہلے کے ایسے دعؤوں کو غلط ثابت کرتی ہیں کہ جن میں وہ الزام لگاتے تھے کہ ایران، سعودی عرب کے داخلی امور میں مداخلت کر رہا ہے۔

ایران کے وزیرخارجہ نے امید ظاہرکی کہ عالمی برادری قطر کے محاصرے، یمن پر جارحیت، لبنان کے وزیراعظم کو حراست میں رکھنے اور مخالف صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی واردات میں جو کچھ سعودی حکام نے کیا ان کو فراموش نہیں کرے گی۔

ٹیگس