Dec ۰۶, ۲۰۱۹ ۲۰:۰۰ Asia/Tehran
  • ایران اسلامی حضرت فاطمہ معصومہ(س) کے غم میں سوگوار و عزادار

ایران میں کریمہ اہلبیت حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی شب وفات کی مناسبت سے عزاداری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

قم المقدسہ میں جہاں حضرت معصومہ سلام اللہ علیھا کا روضہ واقع ہے، جگہ جگہ سیاہ پرچم اور بینر نصب ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں کے جلوس ہائے عزا برآمد کیے جا ر ہے ہیں۔
بارگاہ حضرت معصومہ سلام اللہ علیھا میں مجالس عزا منعقد کی جا رہی ہیں جن میں ہزاروں کی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی زائرین و عزادار شریک ہیں۔
 مشہدالمقدس میں آپ کے بھائی حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کے روضے میں ہزاروں کی تعداد میں سوگوار جمع ہیں اور آپ کو آپ کی بہن حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ کا پرسہ دے رہے ہیں۔
تہران، رے شہر اور شیراز میں اہلبیت اطہار علیھم السلام کی برگزیدہ ہستیوں کے روضوں میں بھی مجالس عزا منعقد کی جا رہی ہیں جن میں مقررین حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کی سیرت پر روشنی ڈال رہے ہیں۔
حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی دختر اور امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کی خواہر گرامی ہیں۔
حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا نے دس ربیع الثانی سن دو سو ایک ہجری قمری کو ایران کے شہر قم میں وفات پائی اور اسی شہر میں آپ کو سپرد لحد کیا گیا۔
آپ کا روضہ بھی مرجع خلائق ہے اور آپ کی برکت سے شہر قم عالم اسلام کے عظیم دینی مرکز میں تبدیل ہو گیا جہاں دینی تعلیم کی سیکڑوں درسگاہیں قائم ہیں اور صدیوں سے تشنگان علم و معرفت اس سرچشمے سے سیراب ہو رہے ہیں۔

ٹیگس