Apr ۱۸, ۲۰۱۹ ۱۷:۴۲ Asia/Tehran
  • امریکہ عالمی رائے عامہ کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہا ہے، صدر روحانی (تفصیلی خبر)

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ فوج ہمیشہ ولایت کی پیرو رہی ہے اور اس نے انقلاب اور ملک کی خود مختاری کی حفاظت کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے حرم مطہر کے قریب فوج کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ خصوصی پریڈ کے دوران، فوجی، کمانڈروں افسران اور جوانوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوج ہمیشہ ولایت کی پیرو رہی ہے اور اس نے انقلاب اور ملک کی خود مختاری کی حفاظت کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ساتھ ہی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کرنے کے مکار امریکی حکومت کے اقدام کو ایک گھناؤنا اقدام قراردیا اور کہا کہ سپاہ پاسداران اور مسلح افواج کی توہین ایرانی عوام کی توہین ہے۔
 صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے دوران عوام کو ضرورت تھی کہ مسلح افواج ان کے ساتھ رہے تو مسلح افواج نے متاثرین کا بھرپور ساتھ دیا اور ان کی امداد اور سیلاب زدہ علاقوں میں راستوں کو صاف کرنے کے لئے ہر طرح کے وسائل و ذرائع سے استفادہ کیا اور متاثرین کی امداد کے لئے جو بھی ہوسکتا تھا اس نے انجام دیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ مسلط کردہ جنگ کے خاتمے کے تیس سال بعد مسلح افواج کہ جس نے اس وقت ملک کے عوام کے ساتھ اپنی خود مختاری کا دفاع کیا تھا آج بھی سیلاب کے دوران عوام اور مسلح افواج کے درمیان اتحاد کا شاندار جلوہ پیش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج اورعوام کے درمیان اس طرح کا اتحاد دنیا کے شاید ہی کسی ملک میں پایاجاتا ہو۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ آج امریکا اور صیہونی حکومت نہیں چاہتی کہ علاقے میں امن و استحکام، اتحاد ویگانگت ، بھائی چارہ اور قومی مفادات کی حفاظت کا جذبہ پایا جائے۔
صدر روحانی نے کہا کہ گذشتہ اٹھارہ برسوں سے اب تک امریکیوں نے افغانستان، عراق، شام، لبنان، یمن اور دیگر ملکوں میں فوجی مداخلت کرکے علاقے کے عوام کے لئے تباہی وبربادی اور ویرانی کے علاوہ کچھ اور نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور علاقے میں اس کے آلہ کار اور اسرائیل یہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ علاقے کے عوام ان کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کو مشرق وسطی میں شکست دے دیں گے اور ان کا قلع قمع کردیں گے اور ان علاقوں سے ان کو نکال باہر کریں گے جن پرانہوں نے قبضہ کرلیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت نے اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے جو چیز اہمیت رکھتی ہے وہ علاقے کے ملکوں میں امن و استحکام اور سیکورٹی کا قیام اور دہشت گردی کا خاتمہ ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ علاقے میں دہشت گردی کو شکست دینے میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت نے سپاہ پاسداران کو دہشت گرد قرار دینے کے اپنے گھناؤنے اقدام کے ذریعے علاقے کے اور دنیا کے عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کی ہے۔
صدر روحانی نے کہا کہ سپاہ پاسداران اور مسلح افواج کی توہین ایرانی عوام کی توہین ہے ۔
واضح رہے کہ ایران کی فوج کے قومی دن کی تقریبات تہران سمیت ملک کے سبھی شہروں میں بیک وقت منعقد ہوئیں۔اسی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج اور سپاہ پاسداران کے چاق و چوبند دستوں نے تہران میں امام خمینی کے حرم مطہر کے اطراف میں منعقدہ مارچ پاسٹ کیا - فوجی پریڈ کے دوران تین صاعقہ جنگی طیاروں، تین میگ ٹونٹی نائن طیاروں، ایک سیون زیرو سیون ایک ری فیولنگ جٹ ایک ایف چودہ اور ایک ایف چودہ بمبار طیارے نے بھی مارچ پاسٹ کیا۔
اس سال پہلی بار ایران کے اندر تیار کئے گئے جنگی طیاروں نے فوجی پریڈ کی تقریب میں شرکت کی اور مارچ پاسٹ کیا۔

ٹیگس