Apr ۲۱, ۲۰۱۹ ۲۰:۵۵ Asia/Tehran
  • پاکستان کے وزیر اعظم کا دورہ ایران

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان ایران کے دو روزہ سرکاری دورے کے پہلے مرحلے میں مذہبی شہر مشہد مقدس پہنچے۔

مشہد مقدس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر صوبہ خراسان رضوی کے گورنر جنرل رضا حسینی نے پاکستانی وزیر اعظم کا خیرمقدم کیا۔
مشہد مقدس سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق عمران خان نے صوبہ خراسان رضوی کے گورنر جنرل رضا حسینی سے مذاکرات کے بعد فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ الصلوات والسلام کے روضہ مبارک پر بھی حاضری دی جہاں آستان قدس رضوی کے متولی حجت الاسلام احمد مروی نے روضہ مبارک میں عمران خان اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔


انھوں نے اس موقع پر اپنی گفتگو میں ایران اور پاکستان کے تعلقات کو دو پڑوسی ملکوں کے روابط سے بالاتر اور برادرانہ قرار دیا۔ آستان قدس رضوی کے متولی نے فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ الصلوات والسلام سے محبت کو ایران اور پاکستان دونوں ملکوں کے عوام کے رابطوں کی تقویت کی مستحکم ترین بنیاد قرار دیا۔

انھوں نے سامراجی سازشوں سے ہوشیاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ برصغیر کے تعلق سے سامراج کی سوچ ہمیشہ مداخلت پسندانہ رہی ہے جس کے لئے اس نے اس خطے میں مذہبی اور فرقہ وارانہ اختلافات پھیلانے پر کافی سرمایہ کاری کی ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان، بارگاہ رضوی پر حاضری دینے کے بعد اتوار کی شب تہران پہنچیں گے جبکہ پیر کی صبح صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی سعد آباد کمپلیکس میں ان کا باضابطہ طور پر استقبال کریں گے۔

 

ٹیگس