Aug ۰۷, ۲۰۱۹ ۱۱:۴۷ Asia/Tehran
  • جواد ظریف پر امریکی پابندیاں عالمی حقوق کے چارٹر کی خلاف ورزی

اقوام متحدہ میں تعینات ایران کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ محمدجواد ظریف پر امریکی پابندیاں عالمی حقوق اور اس تنظیم کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے.

اقوام متحدہ میں تعینات ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے منگل کے روز اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام ایک خط میں کہا کہ امریکی حکام نے ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کی اعلی پوزیشن کی وجہ سے اس پر پابندیاں عائد کی ہیں ۔

 مجید تخت روانچی نے کہا کہ امریکہ کا یہ غیرقانونی رویہ اور اقدام ایرانی عوام کے خلاف معاشی دہشتگردی اور دباؤ ڈالنے کا ایک حصہ ہے.انہوں نے امریکہ کے غیرقانونی اقدام کو سفارتکاری سمیت غیر ملکی حکام کے استثنیٰ بالخصوص وزارئے خارجہ کے استثنی کی خلاف ورزی قراردیا.

انہوں نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے جواد ظریف کے حالیہ دورہ نیویارک میں امریکی دباؤ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر 105 کی کھلی خلاف ورزی ہے.

ایرانی مندوب نے کہا کہ امریکہ کا یہ اقدام  نہ صرف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی مختلف قراردادوں کی خلاف ورزی ہے بلکہ اجتماعیت کے لئے بڑا خطرہ ہے۔

 مجید تخت روانچی نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو چاہئیے کہ امریکہ کے اس اقدام کی مذمت کرے اور اقوام متحدہ اور اس کے اراکین کو بھی عالمی حقوق کے دفاع کے لئے امریکہ کے غیرقانونی اقدام کے خلاف کھڑا ہونا چاہئیے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب نے عالمی حقوق، اجتماعیت اور باہمی اتحاد کو جاری رکھنے اور اس خطرناک رویے سے مقابلہ کرنے کے لئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے تعمیری کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا.

ٹیگس