Dec ۱۴, ۲۰۱۹ ۱۹:۰۵ Asia/Tehran
  • امریکی پابندیاں انسانیت کے خلاف کھلا جرم  ہے، عباس موسوی

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اسلامی جمہوریہ ایران پر امریکی پابندیوں کو انسانیت کے خلاف کھلا جرم اور اقتصادی دہشتگردی قرار دیا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے ایران پر دواؤں اور خوراک کی پابندی عائد نہ ہونے کے امریکی دعوے کو کذب محض قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی کمپنی ایران میں غذا اور دوا‎ئیں درآمد کرنے کی کوشش کرتی ہے تو اسے عملی طور پر بینکنگ کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سید عباس موسوی نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی پابندیاں انسانی حقوق سمیت تمام بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مستقبل قریب میں صدر ایران کے دورہ جاپان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جاپان نے کشیدگی کم کرنے کے لئے نیک نیتی کے ساتھ کچھ تجاویز پیش کی ہیں اور امید ہے کہ صدر روحانی کے دورہ جاپان میں تہران اور ٹوکیو کسی مطلوبہ نتائج تک پہنچ جائیں گے۔
سید عباس موسوی نے پڑوسیوں سمیت تمام ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ بعض ممالک اپنے داخلی مسائل کی بنا پر ایران کے ساتھ اچھے تعلقات نہیں رکھتے لیکن بعض ممالک کی ایران کی خارجہ پالیسی میں خاص اہمیت ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے برطانیہ میں ہونے والے حالیہ انتخابات کے نتائج کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے فرانس، جرمنی، روس اور چین کے ساتھ ہی برطانیہ کی نئی حکومت بھی ایٹمی سمجھوتے کی پابندی کرے گی اور اس سمجھوتے میں واپسی کے لئے عملی اقدامات انجام دے گی۔

ٹیگس