Apr ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۵:۰۰ Asia/Tehran
  • امریکی دباؤ نظر انداز، پاکستان کا امن گیس پائپ لائن کے حوالے سے اپنے وعدوں پرعملدرآمد کا عزم

پاکستان نے امریکی دباؤ کو نظر انداز کرتے ہوئے امن پائپ لائن کے حوالے سے اپنے وعدوں پرعملدرآمد کا عزم ظاہر کیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: صدر ایران کے معاون برائے سیاسی امور محمد جمشیدی نے دورہ پاکستان اور سری لنکا کے تناظر میں انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کے دورہ اسلام آباد کے موقع پر پاکستان نے امریکی دباؤ کے باوجود، امن گیس پائپ لائن کے حوالے سے اپنے وعدوں پر عملدرآمد کا عزم ظاہر کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر رئیسی کا پاکستان اور سری لنکا کا دورہ اچھی ہمسائيگی اورعلاقائی ہم آہنگی کی پالیسی کے تحت انجام پایا ہے۔

محمد جمشیدی نے صدر رئیسی کے دورہ پاکستان کو اس دورے کی اسٹریٹجک اہمیت اور اس کی نمایاں کامیابیوں کے تناظر میں اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ نجی مذاکرات اور بات چیت میں، ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ فریق مقابل کوامن گيس پائپ لائن کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیے۔

صدر کے معاون برائے سیاسی امور کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس بات کو قبول کیا ہے کہ گيس پائپ لائن کے سلسلے میں اپنی کی ذمہ داریوں کو پورا کرے گا حالانکہ اسے امریکی دباؤ کا سامنا ہے۔

انہوں نے تہران اور اسلام آباد کے درمیان دفاع اور سلامتی کے سمجھوتے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے سلامتی اور خاص طور سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی پیدا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

ٹیگس