Jan ۰۴, ۲۰۲۰ ۱۹:۴۵ Asia/Tehran
  • امریکہ کو بھاری قیمت چکانا ہوگی : صدر حسن روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کی تمام تر ذمہ داریاں امریکہ پرعائد ہوتی ہیں اور واشنگٹن کو اس کی بھاری قیمت چکانی ہوگی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے سنیچر کی شام تہران میں قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی سے ملاقات میں موجودہ حالات میں مزید صلاح و مشورے اور ہماہنگی کی ضرورت پر تاکید کی اور امید ظاہر کی کہ علاقے کے تمام ممالک کو ہم آواز ہو کر ریاستی دہشتگردی کی مذمت کرنا چاہئے۔

صدر حسن روحانی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے علاقے میں کوئی بھی جنگ شروع نہیں کی ہے کہا کہ امریکہ کا دہشتگردانہ اقدام عراقی عوام کی توہین اور اس ملک کے قومی اقتداراعلی کی خلاف ورزی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہ امریکہ علاقے میں نہایت تخریبی کردار ادا کررہا ہے کہا کہ آج تمام ممالک کو یقین کرلینا چاہئے کہ امریکہ جب تک علاقے میں ہے اس وقت تک علاقے کے ممالک کو امن و سکون کا منھ دیکھنا نصیب نہیں ہوگا۔اس ملاقات میں قطر کے وزیرخارجہ نے تہران دوحہ تعلقات میں زیادہ سے زیادہ فروغ پر تاکید کی اور کہا کہ قطرایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کو کافی اہمیت دیتا ہے-

قطر کے وزیرخارجہ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے دوحہ کے لئے تہران کی حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی مشکل حالات میں ایران کی مدد و حمایت کو  قطر ہرگز فراموش نہیں کرے گا۔

قطر کے وزیر خارجہ نے علاقے میں امریکہ کے تخریبی اقدام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایران کی قوم اور حکومت کو جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کی تعزیت پیش کی۔

ٹیگس