Oct ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۷:۵۴ Asia/Tehran
  • ایران میں کورونا مریضوں کے نئے اعداد و شمار

ایران میں آٹھ ہزار سے زائد کورونا کے نئے معاملات سامنے آئے جبکہ تین سو ننانوے مزید اموات واقع ہوئی ہیں۔

ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک میں کورونا سے آٹھ ہزار دو سو ترانوے افراد متاثر ہوئے جن میں سے دو ہزار نو سو چوبیس کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا اور بقیہ کو ضروری دوائیں دی گئیں اور اپنے گھروں میں قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی۔
انھوں نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے تین سو ننانوے افراد جاں بحق ہوئے جبکہ مجموعی طور پر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد چونتیس ہزار ایک سو تیرہ ہو گئی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ایران میں کورونا سے متاثرین کی تعداد پانچ لاکھ چھیانوے ہزار نو سو اکتالیس ہو چکی ہے جن میں سے چار لاکھ بہتر ہزار پانچ سو اٹھانوے افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا میں کورونا مریضوں کی تعداد چار کروڑ چالیس لاکھ سے زائد ہو چکی ہے جن میں سے گیارہ لاکھ اسی ہزار جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ تین کروڑ بیس لاکھ سے زائد مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

 

ٹیگس

کمنٹس